ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل میں شدت کی گرمی کے بعد بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ طوفانی بارش؛ الیکٹری سٹی فیل ہوجانے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا

بھٹکل میں شدت کی گرمی کے بعد بجلی کی گرج اور چمک کے ساتھ طوفانی بارش؛ الیکٹری سٹی فیل ہوجانے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا

Sat, 06 May 2017 21:40:57    S.O. News Service

بھٹکل:6/مئی (ایس اؤنیوز)شدت کی گرمی کے بعد آج سنیچر بعد نماز مغرب اچانک طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی، گرج دار آواز کے ساتھ گرنے والی بجلیوں سے یکلخت موسم تبدیل ہوگیا۔ ویسے تو ساحلی کرناٹکا میں جون کے پہلے ہفتے میں بارش شروع ہونا عام ہے، مگر وقت سے پہلے ہی یہاں شدت کی گرمی سے لوگ پریشان ہوگئے تھے اور کئی مقامات سے پانی کی قلت کی شکایتیں موصول ہورہی تھیں، ایسے میں برسی بارش سے عوام نے تھوڑی بہت راحت کی سانس لی ہے اور کچھ دیر کے لئے ہی سہی موسم یکسر تبدیل ہوگیا ہے۔

بادلوں کی گرج اور بجلیوں کی چمک کے ساتھ جیسے ہی طوفانی ہوائیں چلیں، کئی مقامات سے درختوں کے گرنے کی اطلاعات موصول ہونی شروع ہوگئی، جس کے ساتھ ہی پورے شہر میں الیکٹری سٹی فیل ہوگئی۔  ہیسکام کے ذرائع نے بتایا کہ دس سے زائد الیکٹرک کھمبے گرنے کی اطلاعات ملی ہیں، جن کی درستگی کے لئے لائین مین اپنا کام شروع کرچکے ہیں، مگر ہوناور اور کمٹہ میں مین لائن ٹرپ ہونے کی بھی خبر ملی ہے، جس کے نتیجے میں الیکٹری سٹی جلد بحال ہونا ممکن نہیں ہے۔

اُدھر حنیف آباد میں ایک مکان کی چھت طوفانی ہوائوں میں اُڑنے کی اطلاعات ملی ہیں، اسی طرح منڈلی اور مُٹھلی کے ایک ایک مکان پر درخت گرنے سے گھروں کو نقصان ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔  بھٹکل کے ساتھ ساتھ پڑوسی تعلقہ ہوناور اور کمٹہ میں بھی طوفانی ہوائیں چلنے اور بارش کی ہلکی پھواریں گرنے کی خبر موصول ہوئی ہیں۔


Share: